بنگلورو،12 /دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کرناٹک میں ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین مساوی تنخواہ سمیت دیگر مطالبات کی وجہ سے مسلسل تین دن سے ہڑتال پر ہیں۔ اس کی وجہ سے لوگوں کو سفر میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بنگلورو میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن، کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن، نارتھ ویسٹ کرناٹک روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور شمال مشرقی کرناٹک روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازم جمعرات سے ہڑتال پر ہیں۔ کے ایس آر ٹی سی اور بی ایم ٹی سی کو چھ کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ وہ ریاستی سرکاری ملازمین کو مساوی تنخواہ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ چاہتے ہیں کہ کورونا کی وجہ سے مرنے والے ملازمین کورونا جنگجوؤں کی طرح معاوضہ ملے۔ ٹرانسپورٹ ملازمین کے ڈیوٹی پر نہ آنے کی وجہ سے بی ایم ٹی سی اور اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کی بہت کم بسیں چل رہی ہیں۔
کے ایس آر ٹی سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صبح آٹھ بجے تک منگلورو میں 87،شیموگہ میں تین، دوانگیرے میں دو اور چترادورگہ میں صرف ایک بسیں تھیں۔ بنگلور سمیت کئی دیگر ڈویژنوں میں ایک بھی بس چلائی نہیں گئی۔ بی ایم ٹی سی کے تعلقات عامہ کے افسر نے بتایا کہ ساڑھے 6 ہزار سے زیادہ بسوں میں سے صرف 94 سٹی بسیں چل رہی ہیں۔